(تنویر قیصر شاہد)
لاریب سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ شاندار اور قابلِ تحسین تعلقات رہے ہیں۔ ہر آزمائش کے موقع پر فرمانروایانِ مملکتِ سعودیہ نے پاکستان، پاکستانی عوام اور پاکستانی حکمرانوں کی اعانت و دستگیری فرمائی ہے۔ پاکستان کے کئی اسٹرٹیجک پروگراموں میں بھی سعودی عرب کی امداد شامل رہی ہے۔ سعودی عرب میں19 لاکھ پاکستانی محنت مزدوری کر رہے ہیں جو پاکستان کو سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر کا زرِ مبادلہ بھیجتے ہیں۔
یہ رقم پاکستانی معیشت کا بڑا سہارا ہے۔ پاکستان کے 1300 فوجی جوان اور افسر عسکری تربیت دینے کے لیے سعودیہ میں بروئے کار ہیں۔ رواں برس ہی پاکستان نے سعودی عرب کو مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا عندیہ دیا تھا۔ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے سابق آرمی چیف ( جنرل راحیل شریف) کو متحدہ اسلامی فوج کا سربراہ بنانا ایک غیر معمولی اقدام تھا۔
امر واقعہ یہ ہے کہ پاک، سعودیہ تعلقات کی گہرائیوں سے ساری دُنیا آشنا اور آگاہ ہے۔ جنابِ عمران خان مطلعِ حکمرانی پر طلوع ہو ئے ہیں تو بھی سعودی عرب کی طرف سے برادرانہ جذبات سے مملو دستِ تعاون آگے بڑھا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین جناب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اُن کے بلند اقبال صاحبزادے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، کی طرف سے فوری طور پر عمران خان کو تہنیتی پیغامات دیے گئے۔
25 جولائی کے عام انتخابات سے پانچ ہفتے قبل کپتان صاحب اپنی اہلیہ محترمہ کے ہمراہ عمرہ ادا کرنے مکہ معظمہ حاضر ہُوئے تو بھی سعودیہ کی طرف سے انھیں شاندار پروٹوکول دیا گیا تھا۔ سعودیوں نے اِس موقع پر خان صاحب سے جو سلوک کیا، قابلِ قدر تھا۔ اِس سعودی روئیے پر کپتان کو چاہنے والے کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کے لیے تکریم میں مزید اضافہ ہُوا۔25 جولائی کے عام انتخابات میں برتری حاصل کرتے ہی (26 جولائی کی شام) خان صاحب نے اپنی مشہور مگر مختصر پریس بریفنگ میں جن بیرونی ممالک سے مزید اچھے تعلقات اُستوار کرنے کا واضح عندیہ دیا تھا، سعودی عرب کا نام اُن میں سرِ فہرست تھا۔
سعودی عرب کو پاکستان کے دوست اور بہی خواہ ممالک میں بلند ترین مقام حاصل ہے۔ سعودی حکام کو بھی اِس امر کا خوب احساس ہے کہ پاکستانی عوام اُن سے محبت بھی کرتے ہیں اور اُن کا اکرام بھی۔ یہ اِسی احساس کا اہتمامی اظہار تھا کہ جونہی عمران خان نے انتخابات میں برتری حاصل کی، اسلام آباد میں متعین سعودی سفیر مبارکباد دینے بنی گالہ تشریف لے گئے۔ سعودی سفیر، نواف سعید المالکی صاحب، کی اوّلین ملاقات غیر معمولی تھی۔ انھوں نے کپتان کو جناب شاہ سلمان کا مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا تھا۔ محترم نواف المالکی اور عمران خان کی اِس تہنیتی ملاقات کی تصویر پاکستان بھر کے سوشل میڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھی۔
مطلب یہ ہے کہ پاکستانی عوام کو عزت مآب سعودی سفیر کی یہ ادا بہت پسند آئی کہ انھوں نے پہل کرتے ہُوئے فاتح عمران خان سے ملاقات فرمائی۔ ابھی اِس ملاقات اور تصویر کی بازگشت مدہم بھی نہ پڑی تھی کہ خود خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی طرف سے عمران خان کو فون آ گیا ۔ شاہ سلمان کی طرف سے عمران خان کو سعودی عرب کے باقاعدہ دَورے کی دعوت بھی دی گئی چنانچہ وزیر اعظم نے سعودی عرب کا دَورہ بھی کیا اور سعودی فرمانروا سے ملاقات بھی کی۔ یہ اُن کا پہلا غیر ملکی دَورہ تھا۔
سعودی عرب کی طرف سے عمران خان کے لیے بڑھا دستِ تعاون اساسی طور پر مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ اِس حوالے سے ایک اطمینان بخش خبر بھی گردش میں رہی ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک IsDB کی طرف سے پاکستان کو چار ارب ڈالر دیے جانے کی پیشکش کی گئی ہے۔ یہ رقم ابھی ملی تو نہیں لیکن اگر مل جاتی ہے تو عمران خان کے نئے پاکستان کے لیے کشائش اور کشادگی کی ایک اچھی صورت نکل آئے گی۔ عمران کی حکومت کو ریلیف کا احساس بھی ہو گا۔ ہمارا روپیہ بھی قدرے مستحکم ہو گا اور پاکستان کے معاشی حالات کے بارے میں کج اندیشیاں کرنے والوں کے منہ بھی بند ہو سکیں گے۔
14 اگست2018ء کے موقع پر سعودی ولیِ عہد، شہزادہ محمد بن سلمان، کی طرف سے عمران خان کو جو فون آیا تھا، یہ بھی خان صاحب کے لیے اطمینان اور تشفی کا باعث بنا ہو گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے جہاں خان صاحب کو کامیابی پر مبارکباد دی، وہیں انھوں نے اِس خواہش کا بھی اظہار کیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ یہ پاکستانیوں کے لیے بھی خوشخبری ہے۔
جواب میں عمران خان نے بھی سعودی ولیِ عہد کی زیر نگرانی سعودی عرب میں اینٹی کرپشن اقدامات کی بجا طور پر تعریف کی۔ یہ تعریف کپتان کے منہ پر سجتی بھی ہے کہ خود عمران خان کرپشن کے کھلے مخالف ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا بیان محض بیان نہیں تھا۔ اِس میں عمل کا پہلا رنگ یوں بھرا گیا ہے کہ اکتوبر2018ء کے پہلے ہفتے دو اعلیٰ سطحی سرکاری سعودی وفود پاکستان آئے۔
ان میں وزراء بھی تھے۔ انھوں نے پاکستان کے کئی علاقوں میں سرمایہ کاری کے نکتہ نظر سے دَورے بھی کیے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودیہ ’’سی پیک‘‘ کے تین اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان میں (تیل، معدنیات اور توانائی کے منصوبوں میں) سعودی عرب کی یہ مجوزہ سرمایہ کاری دراصل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشہورترقیاتی منصوبے ’’2030 وِژن‘‘ کا حصہ ہے۔ شنید ہے کہ تین معاہدوں کے تحت سعودی عرب اب پاکستان کو 202 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کرے گا۔
سعودی عرب کی طرف سے یہ شاندار اعلان بھی سامنے آ یا کہ وہ بلوچستان کے50 طلبا کو اعلیٰ وظائف پر سعودی یونیورسٹیوں میں داخلہ دے گا۔ یہ وظائف گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ سطح کے اُن بلوچ طلبا کو دیے جائیں گے جن کا تعلق بلوچستان کے دُور دراز اور پسماندہ ترین علاقوں سے ہے۔ وظائف کا آغاز رواں برس ہی ہو جائے گا اور اگلے سال اِن کی تعداد دُگنی ہو جائے گی۔ سعودی عرب ہمارے اِن بلوچ طلبا کے نہ صرف سارے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گا، بلکہ انھیں معقول ماہانہ اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ پاکستان نے اس مہربانی پر سعودیہ کا شکر ادا کیا ہے۔
سینیٹ کے چیئرمین، جناب صادق سنجرانی، نے بھی اِس پر سعودی بادشاہ، سعودی ولی عہد اور پاکستان میں سعودی سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ حقیقی معنوں میں سعودی عرب کو مملکتِ خیر کہا جانا چاہیے۔
سعودی میڈیا (خصوصاً ’’سعودی گزٹ‘‘ اور ’’عرب نیوز‘‘ اور سعودی نیوز ایجنسی’’ایس پی اے‘‘) اور سعودی دانشور اور اخبار نویس بھی عمران خان کی طرف دستِ تعاون بڑھا رہے ہیں۔ مثال کے طور پر ممتاز سعودی انگریزی اخبار ’’عرب نیوز‘‘ میں صحافی صائب کیفی کا شایع ہونے والا تازہ مفصّل آرٹیکل۔ اِس میں جہاں عمران خان کو درپیش ممکنہ رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا ہے، وہیں عمران خان سے اونچی توقعات بھی وابستہ کی گئی ہیں۔
عمران خان بھی ہر قدم پر سعودی عرب سے تعاون کرنے کے خواہشمند ہیں۔ گزشتہ دنوں جب کینیڈا نے بے جا طور پر سعودی عرب کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کرنے کی جسارت کی تو عمران خان نے بھی کینیڈا کے برعکس سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونے کو ترجیح دی۔ سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد کا پاکستان تشریف لانا بھی خان صاحب کی حکومت کے لیے مثبت پیغام ہے۔
ڈاکٹر عواد کے دَورہ پاکستان کا فائدہ یہ ہُوا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اطلاعاتی اور ثقافتی شعبوں میںتعاون بڑھا ہے۔ اب پاکستان کی چنیدہ فلمیں اور ڈرامے سعودی عرب میں بھی راہ پائیں گے۔ یہ ہمارے نوجوان وزیر اطلاعات، فواد چوہدری، کی بھی کامیابی ہے۔ بشکریہ ایکسپریس نیوز
The post کپتان کی حکومت اور سعودی عرب کا دستِ تعاون appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.
from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2Eqo24V
via IFTTT


No comments:
Write komentar