Technology

Ads

Most Popular

Tuesday, 30 October 2018

سری لنکا میں رانا ٹنگا قتل کے الزام میں گرفتار

 

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا پولیس نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ارجونا رانا ٹنگا کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ رانا ٹنگا کو دو دن قبل سری لنکا کے صدر میتھری پالا نے نئے وزیراعظم کی تعیناتی کے بعد کابینہ تحلیل ہونے پر برطرف کر دیا تھا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب رانا ٹنگا نے سرکاری Ceylon Petroleum کارپوریشن میں واقع اپنے سابقہ دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں موجود افراد نے مزاحمت کی اور انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جب انہیں دفتر میں داخلے کی اجازت نہیں ملی اور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تو ان کے گارڈز نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق زخمی تین افراد میں سے ایک شخص اسپتال میں دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سری لنکن صدر کے احکامات کے بعد ٹریڈ یونینز سے وابستہ افراد تحلیل شدہ کابینہ کے اراکین کو ان کے سابقہ دفاتر میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ارجونا رانا ٹنگا کو کولمبو کرائم ڈویژن نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کوعدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔1996 کا ورلڈ کپ جیت کر دنیائے کرکٹ میں نام کمانے والے سری لنکا کے سابق کپتان رانا ٹنگا تسلسل کے ساتھ خبروں میں رہے ہیں۔

اکتوبر 2018 میں ایک بھارتی ایئرہوسٹس نے اپنی فیس بک پوسٹ پر لکھا تھا کہ ممبئی کے ہوٹل میں رانا ٹنگا نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ ان کا الزام تھا کہ وہ بڑی مشکل سے خود کو محفوظ رکھ کر استقبالیہ پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

بھارت کی پلے بیک سنگر چنمائی سریپادا نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ وہ جب اپنی ایک دوست کو ڈھونڈ رہی تھیں تو رانا ٹنگا نے ان سے غلط بیانی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے کمرے میں ہیں اور جب وہ اندر گئیں تو ٹنگا نے دورازہ بند کر لیا مگر اسٹاف کے آ جانے پر ان کی جان بچی اوروہ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔

ایک ہفتہ قبل جب سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف فنانشل آفیسر پیال نندانا کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا تو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اس وقت کے وفاقی وزیر تیل ارجنا رانا ٹنگا نے بھارت سے مدد مانگ لی تھی۔

سابق سری لنکن کپتان نے خیال ظاہر کیا تھا کہ بھارتی ایجنسی سی بی آئی سری لنکن کرکٹ بورڈ سے کرپشن بہتر انداز سے ختم کر سکتی ہے۔ اس بیان پر بھی اندرون ملک انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

معطل وفاقی وزیرپٹرولیم اور سابق سری لنکن کپتان اس وقت بھی عالمی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں کی زینت بن گئے تھے جب انہوں نے کرکٹ کو سٹے بازوں کا کھیل قرار دیا تھا۔

ورلڈ کپ کی فاتح سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ دور کے سیاستدان ارجنا رانا ٹنگا نے کہا تھا کہ میں ایمانداری سے بتاتا ہوں کہ ہمارے ملک کی کرکٹ انتظامیہ بہت خراب ہے۔ ان کا الزام تھا کہ کرکٹ کو جواری چلا رہے ہیں اور یہ اب سٹے بازوں کا کھیل بن چکا ہے۔

The post سری لنکا میں رانا ٹنگا قتل کے الزام میں گرفتار appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.



from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2AAcMik
via IFTTT

No comments:
Write komentar