Technology

Ads

Most Popular

Tuesday, 30 October 2018

انڈونیشیا میں مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، تمام 189 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

 

جکارتہ (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا میں نجی ایئرلائن ‘لائن ایئر’ کا ایک مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کی شکار پرواز جے ٹی 610 جکارتہ سے جزیرہ سماٹرا کے شہر پنگ کل پنانگ جا رہی تھی۔

انڈونیشیا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں 3 بچوں اور عملے کے 7 ارکان سمیت 189 افراد سوار تھے اور کسی بھی شخص کے زندہ بچنے کے آثار نہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جہاز تباہ ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 6 افراد کی لاشیں انڈونیشیا کے ساحل سے مل گئی ہیں جب کہ دیگر کی تلاش کا کام جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بھارتی پائلٹ سمیت عملے اور تمام مسافروں میں سے کسی بھی شخص کے زندہ بچ جانے کے بہت ہی کم امکانات ہیں۔

واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں 210 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔نجی فضائی کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 10 منٹ پر جکارتہ سے روانہ ہوا اور 7 بج کر 20 منٹ پر اسے اپنی منزل پر پہنچنا تھا، تاہم اڑان بھرنے کے 13 منٹ بعد ریڈار سے اچانک غائب ہوا اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ منقطع گیا۔ترجمان کے مطابق ایئر ٹریفک سے رابطہ منقطع ہونے کے وقت طیارہ 3 ہزار 650 فٹ کی بلندی پر تھا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق کشتی میں موجود چند مسافروں نے جزیرہ سماٹرا کی جانب جاتے ہوئے طیارے کو سمندر میں گرتے دیکھا۔ بعدازاں طیارے کا ملبہ جاوا کے سمندر میں تیل کے کنویں کے قریب سے مل گیا۔

انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ نے سمندر میں موجود مسافروں کے اسمارٹ فونز، کتابوں، بیگز اور دیگر اشیاء کی تصویریں شیئر کی ہیں۔

عالمی ایوی ایشن ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ نیا تھا جو اگست میں ہی ایئرلائن کے حوالے کیا گیا تھا، حادثے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔

The post انڈونیشیا میں مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، تمام 189 افراد کی ہلاکت کا خدشہ appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.



from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2CP52ui
via IFTTT

No comments:
Write komentar