Technology

Ads

Most Popular

Friday, 31 August 2018

امریکی’’نکی‘‘ نے ایران کو ’’وڈی‘‘ دھمکی دے دی

 

(توقیر چختائی)
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’’ دوسرا شمالی کوریا بن سکتا ہے‘‘ جسے اس خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال میں معمولی دھمکی نہیں سمجھنا چاہیے۔ نکی ہیلی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے عالمی انصاف سے یہ درخواست کی کہ 2015 میں جوہری معاہدے سے باہر نکلنے کے بعد امریکہ نے اس پر جو پابندیاں عائد کی تھیں انہیں ختم کیا جائے۔

اس بات کا تو اندازہ نہیں کہ عدالت میں پیش ہونے کے بعد امریکی وکیل اس پابندی کا کیا جواز پیش کرتا ہے مگر اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ اپنے اتحادی ممالک کی مدد سے ایران پر مسلسل پابندیا ں عائد کر رہا ہے جن میں تیل در آمد کرنے کی پابندی بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ اس مہینے کے دوسرے ہفتے میں امریکہ نے ایرانی تیل پر پابندی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ اسی دوران نکی ہیلی نے بھارت کا دورہ کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ وہ ایران سے تیل خریدنا بند کر دے جس سے بھارت کی خارجہ پالیسی نئی مشکلات سے دوچار ہو گئی تھی۔

نمرتا عرف ’’نکی‘‘ کا تعلق بھارتی پنجاب کے مشہور شہر امرتسر کے ایک پڑھے لکھے خاندان سے ہے۔ ان کے والد اجیت سنگھ رندھاوا پنجاب ایگری کلچر یونیورسٹی میں پروفیسر تھے جو بعد میں اسکالر شپ پر کینیڈا گئے اور پھر امریکہ جا کر آباد ہو گئے۔ ساؤتھ کیرولینا میں ان کے ہاں جب نمرتا نے جم لیا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ بچی بڑی ہو کر امریکہ کے اہم اداروں میں کام کرتے کرتے کئی اہم عہدوں پر فائز رہنے کے بعد گورنر کے عہدے تک پہنچے گی اور پھر اقوام متحدہ میں امریکہ کے سفیر کا عہدہ بھی سنبھالے گی۔ پنجابی زبان کے عام اور روز مرہ استعمال ہونے والے الفاظ میں ’’نکی‘‘ کو اس لیے بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے کہ خاندان کی سب سے چھوٹی بچی کو ’’نکی‘‘ کے نام سے ہی بلایا جاتا ہے اور گھر میں اس سے بڑی بہن موجود ہو تو اُسے ’’وڈی‘‘ کہا جاتا ہے۔ نکی نے اپنے رسم و رواج اور عقیدے سے بغاوت کرتے ہوئے مائیکل ہیلی نامی فوجی آفیسر سے شادی کر کے سکھ مذہب کو چھوڑ کر مسیحی عقیدہ قبول کر لیا، لیکن ان کی شادی کی رسومات دونوں مذاہب کے مطابق ادا کی گئیں۔ مائیکل ہیلی ایک سال تک افغانستان میں امریکی مفادات کی جنگ لڑنے کے بعد بخیر و عافیت واپس امریکہ لوٹ گئے مگر نکی ہیلی اس خطے کے ممالک میں امریکی پالیسیوں کی ترویج کے لیے ہمیشہ سرگرم رہیں۔ اس سے قبل دوہزار سولہ میں بھی انہوں نے بھارت کا دورہ کیا تھا تو ان کا یہی مقصد تھا۔

پچھلے سال نکی کی ایسی ہی ایک دھمکی اس وقت سامنے آئی تھی جب اس نے کہا تھا کہ ’’ امریکہ پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے بھارت سے بھی مدد لے سکتا ہے۔‘‘ نکی ہیلی کے اس بیان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے ماضی میں دی گئی امداد کا حساب مانگا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کے بعد اس خطے میں پاکستان اور روس کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا۔ چند دن قبل پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو سے ایک نئے تنازعے نے جنم لیا ہے جو آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے تعلقات پر مثبت کے بجائے مزید منفی اثرات بھی مرتب کر سکتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہی ہو تو سب کے لیے بہتر ہو گا مگر اس کے لیے نکی اور ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے بیانات میں دھمکیوں کے بجائے دھیما پن لانا ہو گا۔

The post امریکی’’نکی‘‘ نے ایران کو ’’وڈی‘‘ دھمکی دے دی appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.



from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2PrqE39
via IFTTT

No comments:
Write komentar