اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئرسپلائر گروپ (این ایس جی) میں شمولیت کے لیے تمام شرائط پر پورا اترنے کے تیار ہے، جبکہ جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے اسلام آباد اپنے وعدوں پر قائم ہے۔
وزارت خارجہ کے اسٹریٹیجک کنٹرول ڈویژن کی جانب سے’اسٹریٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول کا حال اور مستقبل‘ کے عنوان کے تحت ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی میں شمولیت کے لیے این ایس جی کی جانب سے مقررکی گئیں تمام غیر امتیازی اور یکساں طور پر نافذالعمل شرائط پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔اس 2 روزہ سیمینار میں کئی ممالک کے ماہرین سمیت اقوامِ متحدہ کے سیکیورٹی کونسل ریزولوشن (یو این ایس سی آر-1540) کی کمیٹی نے بھی شرکت کی۔
مذکورہ کمیٹی غیر ریاستی عںاصر کی جانب سے جوہری، حیاتیاتی یا کیمیائی ہتھیاروں کے حصول، ترسیل اور متعلقہ مواد کی روک تھام کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد کے نفاذ پر نظر رکھتی ہے۔واضح رہے اس سیمینار کا مقصد دنیا بھرمیں پاکستان کا ایکسپورٹ کنٹرول سسٹم متعارف کرانا اور اس سلسلے میں رائج بین الاقوامی طریقوں اور تجربات سے فائدہ اٹھانا تھا۔
اس سلسلے میں تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان کے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ این ایس جی کی رکنیت کے لیے قائم شدہ اصولوں اور روایات سے ہٹ کر کسی ملک کو رعایت فراہم کرنا عالمی جوہری عدم پھیلاؤ کے مقصد کو نقصان پہنچائے گا۔ان کا مذکورہ بیان بھارت کے حوالے سے تھا جو پاکستان کے ساتھ این ایس جی کی رکنیت کا طویل عرصے سے امیدوار ہے۔
اس ضمن میں انہوں نے 2008 میں بھارت کو دی جانے والی رعایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پڑوسی ملک کی جوہری صلاحیت میں اضافہ ہوا، اور انہوں نے بین البرِاعظم مار کرنے والے نئے بیلسٹک میزائل اور دیگر مہلک ہتھیار تیار کرنے شروع کردیے۔واضح رہے کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں شمولیت کا یہ معاملہ این ایس جی کے جون میں متوقع اجلاس میں ایک مرتبہ پھر اٹھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ این ایس جی اپنے فیصلے مشاورت سے کرتی ہے اور اس کے باوجود 2 سال سے اس مسئلے کے حل میں آنے والا تعطل دور کرنے میں ناکام ہے۔اس ضمن میں سیکریٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ این ایس جی کو تجارتی اور سیاسی مقاصد کے تحت قائم گروپ کی طرح نہیں بلکہ اصولوں پر قائم تنظیم کی حیثیت سے کام کرنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ممالک کی جانب سے حقیقی سماجی اور معاشی ضروریات کے پیشِ نظر، ٹیکنالوجی کے دوہرے استعمال کی رسائی میں دلچسپی رکھنا جائز ہے۔تہمینہ جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی طور پر جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں میں سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم مختلف بین الاقوامی معاہدوں میں شامل فریق ریاست کی حیثیت سے اپنے فرائض پوری طرح ادا کررہے ہیں، جن میں کنونشن آف کیمیکل ویپن، کنونشن آف بائیولوجیکل ویپن، کنوشن آن دا فزیکل پروٹیکشن آف نیوکلیئر مٹیریئل اینڈ فیسیلیٹیز، نیوکلیئر سیفٹی کنونشن، اور آئی اے ای اے کوڈ آف کنڈکٹ آن دا سیفٹٰی اینڈ سیکیورٹی آف ریڈیو ایکٹو سورسز شامل ہیں‘۔
The post ’جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے پاکستان اپنے وعدوں پر قائم ہے‘تہمینہ جنجوعہ appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.
from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2ry9VRb
via IFTTT


No comments:
Write komentar