Technology

Ads

Most Popular

Saturday, 29 September 2018

ٹرمپ اور ’’تجاہل عارفانہ‘‘

 

رائی الیوم (ترجمہ تسنیم خیالی)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں یہ کہا جائے کہ وہ ’’تجاہل عارفانہ‘‘ سے کام لے رہے ہیں توبے جا نہیں ہوگا، وہ اس بات کا اعتراف نہیں کررہے کہ انکی پالیسیوں کی وجہ سے انہیں اور انکی امریکی قوم کو نقصان پہنچ رہا ہے اور دشمنوں سے قبل وہ امریکہ کے دوست ہی سے نفرت کرنے لگے ہیں، ٹرمپ کے ’’تجاہل عارفانہ‘‘ کی اس کیفیت کی تازہ ترین مثال اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گزشتہ منگل کے روز خطاب کررہے تھے، ٹرمپ نے جب اپنے ’’کارناموں‘‘ کا ذکر شروع کیا تو جنرل اسمبلی کا ہال ہنسی سے گونج اُٹھا۔

ٹرمپ اپنے اور اپنی انتظامیہ کے اُڑنے والے مذاق پر کافی حیران ہوئے خاص طور پر اس وقت وہ بیروزگاری کو آدھےسے بھی زیادہ ختم کرنے ، دنیا کو مستحکم بنانےاور انسانیت خوش کرنے کی باتیں کررہے تھے، اپنے خطاب کے ایک روز بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں ٹرمپ کا کہنا تھا ’’وہ میرا مذاق نہیں اڑا رہے تھے بلکہ میرے ساتھ مل کر ہنس رہے تھے، اور لوگوں نے میرے ہمراہ خوشگوار وقت گزارا‘‘۔

یہ بات اگر لوگوں کو ہنسا کر اپنی روزی روٹی کمانے والے ’’کامیڈین‘‘یاپھر’’جوکر‘‘ نے کہی ہو تو سمجھ میں آتی ہے اور ایک معمولی بات ہوتی ، مگریہ بات امریکی صدر کے منہ سے نکلے تو پھر اس شخص (ٹرمپ) کی شخصیت اور ذہنی توازن پر کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔

جنرل اسمبلی میں اٹھنے والی ہنسی کی آواز جو ٹرمپ کی کانوں تک پہنچی انکا مذاق اُڑانے کے علاوہ اور کچھ نہیں تھی کیونکہ وہ دنیا کیلئے بہتری نہیں لائے، اور ناہی پچھلے دو سالوں میں انہیں انسانیت اور انسانی اقدار کی کوئی فکر تھی، وہ دنیا پر اپنی طرف سے مسلط اقتصادی جنگ کے باعث دنیا کو تباہی کے دہانے پر لے جارہے ہیں، وہ مشرق وسطیٰ اور ایشیاء کے جنوب مشرق میں نئی جنگ کی دھمکیاں دے رہے ہیں ، وہ موجودہ جنگوں کو مزید تیز کررہے ہیں جیسا کہ افغان جنگ کی دھمکیاں کے بعدانہوں نے افغانستان کے لئے امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے بلیک واٹر کے کرائے کے قاتل منگوالیے ہیں ۔

اگر ٹرمپ یہ سمجھ رہے ہیں اندرون وبیرون ملک انہیں پسند کیا جارہا ہے تو وہ غلط فہمی کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ تکبر اور غرور میں مبتلا ہیں، سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی سوچ بجا تھی جب انہوں نے ٹرمپ کی پالیسیوں اور دوست ممالک کے ساتھ دشمنوں جیسے سلوک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آدمی(ٹرمپ) ہمیں بے عزت کررہا ہے ‘‘، ٹرمپ واقعی میںایک کامیڈین اور مزاحیہ شخص ہیں البتہ انکی کامیڈی بکواس ، نسل پرست اور خطرناک ہونے کے ساتھ ساتھ مذاق بننے کا باعث بنتی ہے، تبھی تو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بیٹھے خواتین وحضرات قہقہے لگا کر ہنس رہےتھے۔

The post ٹرمپ اور ’’تجاہل عارفانہ‘‘ appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.



from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2RbMetM
via IFTTT

No comments:
Write komentar