لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں کی کارکردگی بھی قوم کے سامنے اور نواز شریف ، شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا دہشت گردی، لوڈشیڈنگ سمیت گیس بحرانوں سے نمٹنا اور شہریوں کے لئے
موٹر ویز، پل، میٹرو بس اور ریلوے میں بڑھتی سہولتیں بھی قوم دیکھ رہی ہے۔ الیکشن 2018ء میں ووٹر مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائے گا۔ وہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125اولڈ این اے 126میں مسلم لیگی کارکنوں کے اجلاس میں صدارتی خطاب کر رہے تھے ۔ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید ممبران پنجاب اسمبلی یسٰین سوہل، میاں محمد نصیر ، ڈپٹی میئر میاں محمد طارق، رانا اعجاز حفیظ ،چوہدری اللہ رکھا سواتی خان سمیت وائس چیئر مین والٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے ثابت کیا ہے کہ ملک کے بڑے ادارے کو نجکاری کے بغیر بھی کامیابی سے چلایا جا سکتا ہے اور ہم اس ماڈل کو سامنے لائے ہیں، ہمیں بھارت یا کسی پرشاد کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں، ہمیں یہ سبق دینے کی ضرورت ہے اور نہ ہم یہ سبق پڑھیں گے، انصاف نہ ملنے کے معاملے میں سیاستدان اور سول سرونٹس ایک دوسرے کی برادری ہیں، انصاف ہونا چاہیے اور انصاف ملے گا، ہم رہیں یا نہ رہیں انصاف لے کر رہیں گے، جو ملک کی خدمت کرے اس کی تضحیک کی جائے اس کو چور قرار دیدیا جائے،
شک کی نظروں سے دیکھا جائے تو وہ مر جاتا ہے اس کی روح فنا ہو جاتی ہے، میں اور ریلوے کے افسران آج کل اسی اذیت سے گزر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میو گارڈن کلب میں چیئر پرسن و وفاقی سیکرٹری پروین آغا کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد جاوید انور، ڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق جمال خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پروین آغا نے بڑی فراست ، تدبر، حکمت، جرات اور تسلسل کے ساتھ اپنا کردار نبھایا ہے۔ آپ نے ہمیں غلطی نہیں کرنے دی اور ہم نے آپ سے سیکھا ہے۔ آپ نے مجھے گائیڈ بھی کیا ہے، پروین آغا صاحبہ غصے میں بھی آتی تھیں لیکن انہوں نے کبھی محسوس نہیں ہونے دیا ان کا غصہ میرے والا نہیں ہوتا تھا جو ہوتا کم ہے لیکن لگتا زیادہ ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ریلویز کے ماڈل کو باقی سرکاری ادارے بھی فالو کریں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں سوچتا تھاکہ میں اپنے بیٹے کو کہوں گا کہ تم سیاست میں آئو لیکن چالیس سال میں پہلی بار ڈبل مائنڈڈ ہوں کہ یہ کام اچھے لوگوں کے کرنے کا ہے بھی یا نہیں۔(ف،م)
from Hassan Nisar Official Urdu News Website https://ift.tt/2FuWEO6
via IFTTT
No comments:
Write komentar