(تسنیم خیالی)
امریکہ کی ایران جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، خاص طور پر کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس غیر قانونی اقدام کے بعد ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اس کشیدگی کو کم کرنے اور کسی حل تک پہنچنے کیلئے کوشش شروع ہوگئی ہے، اس حوالے سے فرانسیسی رسالہ ’’انٹیلی جنس آن لائن‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ سلطنت عمان نے ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات کو حل کرنے کیلئے خفیہ طور پر ثالثی کا کردار شروع کریا ہے، ویسے عمان ایک ایسا ملک ہے جو ہمیشہ سے غیرجانبدارانہ پالیسی پر عمل کرتا آرہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عمان علاقائی مفادات پر زور دیتا ہے اور ایک پر امن علاقے کا خواہاں ہے۔
فرانسیسی رسالہ ’’انٹیلی جنس آن لائن‘‘کے مطابق حال ہی میں عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی عمانی ہم منصب یوسف بن علوی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں عمانی انٹیلی جنس چیف جنرل سلطان محمد النعمانی بھی شریک تھے، ملاقات میں امریکہ کی غیر قانونی وغیراخلاقی طور پر جوہری معاہدے دستبرداری اور اس اقدام سے پیدا ہونے والے منفی اثرات پر بات چیت ہوئی، رسالے کے مطابق عمانی عہدیداروں کی امریکیوں سے بھی اس معاملے میں بات چیت ہوئی ہے، تاہم عمان اور امریکہ کی طرف سے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ جو کچھ ہورہا ہے اسے صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے۔
عمان نے پچھلی بار ایرانی جوہری معاہدےکی ابتدائی بات چیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اس معاہدے کی ابتدائی بات چیت اور مذاکرات عمان میں ہی ہوئے تھے، جسے آگے بڑھانے میں عمان نے قابل قدر کوششیں کی تھیں، عمان کی یہ ثالثی اور غیر جانبداری خلیجی ریاستوں بالخصوص سعودی عرب، امارات اور بحرین کوپسند نہیں، جس کی وجہ سے عمان ہمیشہ سے ان ممالک کی سازشوں کا نشانہ بنتا رہا ہے، ان ممالک کی کوشش ہے کہ عمان میں کسی بھی طرح سیاسی طور پر تبدیلی لائی جائے اور وہ (عمان) ان کے ماتحت ہو، عمان اگرچہ ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات کو قدرے کم کرنے کی کوشش کررہا ہے مگر ان کوششوں کو ناکام بنانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے ، خاص طور پر سعودی عرب ، امارات اور اسرائیل کی طرف سے جو ایرانی جوہری معاہدے کے سب سے بڑے مخالف تھے، امریکہ میں بھی بہت سے عہدیداروں کی کوشش یہی ہے کہ عمان کی ثالثی ناکام ہو۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمان اپنے اس مشن میں کامیاب ہوگا؟ اور اگر ہوجاتا ہے تو کیا امریکہ اپنی غیر منطقی اور ناقابل قبول فرمائشیں ترک کردے گا۔
The post ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش شروع، ایک خلیجی ریاست کا کلیدی کردار appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.
from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2lGmjw2
via IFTTT
No comments:
Write komentar