اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان پی آئی بی کالونی گروپ کے رہنما کامران ٹیسوری کے خلاف قومی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سونے کی برآمدات کے حوالے سے جھوٹ بولنے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کردیا۔ایف آئی اے نے کامران ٹیسوری کے خلاف اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے زمینیں اپنے نام کرنے کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ایف آئی اے نے کامران ٹیسوری کے بینک اکاؤنٹس اور ان کی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کرلیں جبکہ ان کے خلاف نیب مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔دبئی کے سونے کے معروف تاجر حنیف مرچنٹ نے ایف آئی اے کو خط لکھ کر کامران ٹیسوری کے خلاف تحقیقات کی درخواست کی ہے۔
خط میں سونے کے تاجر حنیف مرچنٹ نے کامران ٹیسوری کے خلاف متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں درج مقدمے کی تفصیلات سمیت انٹر پول کے نوٹس کی کاپی بھی منسلک کی گئی۔خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ کامران ٹیسوری نے دبئی سے سونا درآمد کیا لیکن انہوں نے اپنے وعدے کے مطابق سونے کے زیورات برآمد نہیں کیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کے خلاف یہ بھی الزام ہے کہ جی ایم اینڈ جیولری انڈسٹریل پارک میں کامران ٹیسوری کے بھائی عرفان نے 68 ایکڑ زمین اپنے نام کی تھی جس کے لیے انہوں نے 17 کروڑ روپے ادا کیے تھے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کامران ٹیسوری کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے آئندہ چند روز میں باقاعدہ طور پر کارروائی کا آغاز کردیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ کامران ٹیسوری نے گزشتہ برس دسمبر میں ایم کیو ایم پاکستان سے علیحدہ کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مذاکرات کے بعد انہوں نے اپنا اعلان واپس لے لیا تھا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان اختلافات 5 فروری کو اس وقت شروع ہوئے تھے جب فاروق ستار کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے کامران ٹیسوری کا نام سامنے آیا تھا، جس کی رابطہ کمیٹی نے مخالفت کی تھی۔
بعدازاں رابطہ کمیٹی اور فاروق ستار کے درمیان کئی مرتبہ مذاکرات کی کوشش کی گئی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی اور ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی اور 6 دن تک جاری رہنے والے اس تنازعے کے بعد رابطہ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے فاروق ستار کو کنوینئر کے عہدے سے ہٹا کر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو نیا کنوینئر مقرر کردیا تھا۔
بعد ازاں 18 فروری کو ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی کالونی گروپ کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں کارکنان کی رائے سے فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر منتخب ہوئے تھے۔تاہم بہادر آباد گروپ کی جانب سے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیا گیا تھا اور ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینئر ماننے سے انکار کردیا تھا۔
The post کامران ٹیسوری کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی کا آغاز appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.
from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ http://ift.tt/2HRcgy5
via IFTTT


No comments:
Write komentar