Technology

Ads

Most Popular

Friday, 29 June 2018

دھاندلی کی تاریخ رقم اور بہت خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، نواز شریف

 

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے، دھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے۔ لندن کی ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں، پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ بنے ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ 25 جولائی کو جو ہو گا وہ نوشتہ دیوار ہے، پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ قمرالاسلام کی بیٹی اور بیٹے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی دانیال عزیز کو تو کبھی شاہد خاقان عباسی کو نااہل قرار دیا جاتا ہے، شاہد خاقان عباسی اور دانیال عزیز کی نااہلی پرافسوس ہوا۔

نواز شریف نے کہا کہ نیب، ریٹرننگ افسران اور دیگر نے یہ کیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، بہت خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، الیکشن سے پہلے دھاندلی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، قمرالاسلام کی گرفتاری انتخابات سے قبل دھاندلی کا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ اس وقت ایسی ذہنی کیفیت ہے کہ سیاسی امور پر بات کرنے سے گریز کر رہا ہوں، اس وقت میری ساری توجہ اپنی بیوی کی صحت پر ہے لیکن میں اپنے آپ کو قومی فرض سے بھی دور نہیں رکھ سکتا۔ نوازشریف نے کہا کہ یہ جو کھیل کھیلا جا رہا ہے یہ پاکستان کے لیے ہمیشہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو گھر گھر کا نعرہ بن چکا ہے، یہ سب لوگ پاکستان پر رحم کریں، کھیل کھیلنا چھوڑ دیں، نیب نے کچھ دن قبل قمرالاسلام کو کلین چٹ دی تھی، ن لیگ کے ٹکٹ دینے کے اگلے دن ہی گرفتار کیا گیا۔ نوازشریف نے کہا کہ قمرالاسلام کی گرفتاری کس چیز کی نشاندہی کر رہی ہے، پارٹی کو کہوں گا کہ ووٹ کوعزت دو کا نعرہ گھر گھر پہنچائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس کھیل کو کسی بھی صورت میں قبول کرنے کو تیار نہیں، انتخابات سے قبل دھاندلی کافی عرصے سے شروع ہے جس کو بند ہونا چاہیے، ٹارگٹ صرف مسلم لیگ ن اور اس کے رہنما ہیں، کوئی اورجماعت نہیں۔

The post دھاندلی کی تاریخ رقم اور بہت خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، نواز شریف appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.



from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2tCGUFO
via IFTTT

No comments:
Write komentar