لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عائشہ احد کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے حمزہ شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ہفتے کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میںچیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے عائشہ احد کو دھمکیاں دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔عائشہ احد نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے اور اس کی بیٹی کو حمزہ شہباز سے جان کا خطرہ ہے۔
چیف جسٹس نے حمزہ شہباز کو طلب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ شہباز شریف کو فون کر کے حمزہ شہباز کی پیشی کو یقینی بنائیں، کسی کی جان خطرہ میں نہیں دیکھ سکتے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی صاحب میرے حکم پر گھبرا کیوں جاتے ہیں، چیف جسٹس پاکستان نے کمرہ عدالت میں موجود خواجہ سلمان سے استفسار کیا کہ بتائیں حمزہ شہباز کہاں ہے، خواجہ سلمان نے بتایا کہ ان کے علم میں نہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ سارا دن حمزہ کے ساتھ گھومتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پتہ نہیں، حمزہ شہباز جہاں کہیں بھی ہوں پیش ہوں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز بیرون ملک ہیں ، 3 سے 4 روز میں واپس پاکستان آ جائیں گے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ عائشہ احد کو تحفظ فراہم کیا جائے، عدالت نے عائشہ احد کیخلاف مقدمات کا ریکارڈ بھی 6 جون تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس نے عائشہ احد پر تشدد کے حوالے سے مقدمہ درج کرنے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ درخواست میں نامزدملزمان کیخلاف آج ہی مقدمہ درج کیا جائے۔عائشہ احد پر تشدد سے متعلق درخواست میں حمزہ شہباز، رانا مقبول، علی عمران اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ آج تک مقدمہ درج نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں کون کون شامل ہیں، عدالت کو آگاہ کیا جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی۔
The post عائشہ احد کو دھمکیاں دینے کا معاملہ، حمزہ شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم appeared first on Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ.
from Iblagh News | حقائق تک رسائی اور ان کا ابلاغ https://ift.tt/2J9lDct
via IFTTT


No comments:
Write komentar